صحافی معاشرے کا آئینہ ، مثبت تنقید کا خیر مقدم کرینگے ،سیکرٹری اطلاعات
محکمے کی ترقی،صحافیوں کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ،امجد منہاس کو خراج تحسین
مظفرآباد(بیورو رپورٹ)ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد منہاس کے اعزاز میں اے پی پی کے بیوروچیف سینئر صحافی فاروق مغل کی جانب سے ان کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی راشد حنیف نے کہا کہ راجہ امجد منہاس کے اعزاز میں تقریب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ موصوف کے صحافی برادری کے ساتھ مثالی تعلقات رہے ہیں، صحافت مقدس پیشہ ہے اور صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، معاشرے کی اصلاح کیلئے مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید کرتا ہوں صحافی حکومت کے اچھے کاموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔
محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے ، محکمے کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے ۔ امجد منہاس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے آفیسر موصوف اس حوالے سے خو ش قسمت ہیں کہ وہ اپنی کامیاب سروس مکمل کر کے ریٹائر ہو رہے ہیں، تقریب میں محکمہ اطلاعات کے آفیسران راجہ محمد سہیل خان، سید آصف حسین نقوی، محمد حنیف خواجہ، خضر حیات، راجہ عبدالباسط خان، شمیم انجم عزیز و دیگر نے بھی شرکت کی۔