اسکول وین میں آگ لگ گئی،5بچے زخمی،وزیر داخلہ کانوٹس
بیگ، لنچ باکس جل گئے ،ڈرائیور فرار،تعلیمی اداروں کی گاڑیوں کی جانچ کاحکم صدر میں فلیٹ کے گیزر،نیو کراچی میں گوداموں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شاہ فیصل کالونی پل پرنجی اسکول کی وین میں آگ لگنے سے اسکول وین میں سوار5 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق جھلس کر زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسکول وین میں آتشزدگی کے دوران اسکول وین کے بیگس، لنچ باکس اورپانی کی بوتلیں بھی جل گئیں۔آتشزدگی کے دوران اسکول وین مکمل جل گئی جبکہ اس کا ڈرائیور موقع پر سے فرار ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق اسکول وین میں سوار تمام بچے محفوظ ہیں۔وزیر داخلہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کوہدایت کی کہ تمام اسکول وین کا آڈٹ کیا جائے ۔علاوہ ازیں ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق صدر لکی اسٹاف کے قریب فلیٹ کے گیزر میں لگنے والی آگ پر آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا، جانی نقصان نہیں ہوا۔نیوکراچی گودھرا مسلم اسپتال کے قریب کپڑے کے کترن کے گودام میں لگنے والی آگ پر دو گھنٹے کے بعد قابو پالیا کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم بھاری مالیت کی کپڑے کی کترنیں اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔نیو کراچی نالہ اسٹاپ کے قریب لکڑی کے گودام میں لگنے والی آگ پر فائربریگیڈ کی دو گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا ، آگ لکڑی کے گودام میں لگی تھی ، آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم بھاری مالیت کی لکڑی اور فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا۔