محمود آباد میں 5منزلہ عمارت کے معائنے کا عدالتی حکم

 محمود آباد میں 5منزلہ عمارت کے معائنے کا عدالتی حکم

90گزپرتعمیرات کرکے رہائش کیلئے فروخت کی جا رہی ہے ، درخواست گزارہائیکورٹ آئینی بینچ نے گلستان جوہر میں غیر قانونی تعمیرات پر رپورٹ مانگ لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں محمود آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے کی سماعت کے دوران عدالت نے ایس بی سی اے کو متعلقہ عمارت کا فوری معائنہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2 فروری تک رپورٹ طلب کر لی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 90 گز پر پانچ منزلہ عمارت تعمیر کر کے اب اسے فروخت کر کے رہائش دی جا رہی ہے ۔ وکیل کے مطابق عدالت نے پہلے ہی تعمیرات روکنے کا حکم دیا تھا، لیکن عدالتی ہدایت کے باوجود تعمیرات جاری رہیں۔ درخواست میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایس ایس جی سی نے گیس کنکشن منقطع کر دیا، تاہم دیگر یوٹیلیٹی کنکشن اب بھی موجود ہیں، جس سے غیر قانونی رہائش کا سلسلہ جاری ہے ۔ درخواست شہری وقاص کی جانب سے دائر کی گئی۔ دوسری جانب آئینی بینچ میں گلستان جوہر بلاک 10 میں رفاہی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے نے بھی متعلقہ پلاٹ کو رفاہی قرار دیا ہے ، لیکن دو پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔ وکیل کے مطابق ایک پلاٹ پارک اور دوسرا مسجد کیلئے مختص تھا، تاہم اب تعمیرات کافی حد تک مکمل ہو چکی ہیں۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ناظر خود جا کر پلاٹ کا معائنہ کرے ۔ عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پلاٹ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں