کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر میں تاخیر کانوٹس:مسائل فوری حل کئے جائیں،وزیراعلیٰ
کے الیکٹرک تنصیبات کی منتقلی رکاوٹ،کام اپریل کے آخر تک مکمل ہوگا، کنٹریکٹر، 85فیصدکام ہوچکا ،پی اینڈ ڈی ٹیم یوٹیلیٹیز کی منتقلی عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے ،مراد علی شاہ،مارچ تک کی ڈیڈلائن مقرر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (پی اینڈ ڈی)کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل (ایم ای سی)نے 3 ارب 81 کروڑ 7لاکھ 47 ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کریم آباد انڈر پاس کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق منصوبے میں مجموعی طور پر 85 فیصد پیش رفت ہو چکی ہے اور کام تسلی بخش ہے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایات پر اورنگزیب وسطڑو، ریجنل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر کی زیر قیادت ایم ای سی کی ٹیم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی)کے منصوبے کریم آباد میں دو جمع دو لین انڈر پاس کی تعمیرضلع وسطی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے عملدرآمدی ادارے (ای اے )کے تکنیکی عملے کے ساتھ مل کر تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔معائنے کے بعد منصوبے پر کام کی مجموعی پیش رفت 85 فیصد جبکہ مالی اخراجات 81 اعشاریہ 27 فیصد ریکارڈ کیے گئے ۔انتظامی منظوری کے مطابق منصوبے کی تکمیل مالی سال 2025-26 میں ہونا تھی، تاہم عملدرآمدی ادارے نے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ منصوبہ اب اپریل 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے جس کی بنیادی وجہ کے الیکٹرک کی یوٹیلیٹیز کی منتقلی بتائی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کے ایم سی کو ہدایت کی کہ منصوبہ مارچ 2026 کے اختتام تک مکمل کیا جائے ۔بیریل کے اختتامی مقام سے ضیائالدین اسپتال کی جانب جانے والا ریمپ- ی 75 فیصد پیش رفت حاصل کر چکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کی پیش رفت کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی میں ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے عملدرآمدی ادارے کو ہدایت دی ہے کہ کے الیکٹرک کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے ۔ ٹیم نے عملدرآمدی ادارے کو یہ بھی ہدایت دی کہ ریمپ بی پر کام تیز کیا جائے تاکہ اسے فروری 2026 کے تیسرے ہفتے تک مکمل کیا جا سکے ۔وزیراعلیٰ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد کریم آباد انڈر پاس ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری لائے گا اور مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ پائیدار بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے پر مرکوز ہے جو کراچی کے عوام کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنائے ۔