سانحہ گل پلازہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت، منعم ظفر
پی پی دور نے کراچی سے جینے کا حق چھین لیا ،امیر جماعت اسلامی کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کا المناک واقعہ حکومتی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، جہاں لوگ اپنے پیاروں کو جلتا دیکھتے رہے اور اب کئی خاندان اپنے عزیزوں کی باقیات کے منتظر ہیں۔بعد ازاں منعم ظفر خان نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور یکم فروری کو شاہراہِ فیصل پر ہونے والے \\\"جینے دو کراچی مارچ\\\" کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 18 سالہ دورِ اقتدار میں کراچی کھنڈر بن چکا ہے ، سڑکوں کی بدحالی، پانی و بجلی کی قلت، گٹروں میں گر کر بچوں کی اموات اور خونی ڈمپروں کے حادثات نے شہریوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔ اورنگی ٹاؤن کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں جبکہ میئرمحض بیانات تک محدود ہیں۔منعم ظفر نے واضح کیا کہ یکم فروری کا مارچ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ ہر شہری کا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق، تحفظ اور عزت کے لیے اس تاریخی مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔ دورے کے دوران اہل علاقہ نے منعم ظفر کا شاندار استقبال کیا اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔