چیئرمین سی ڈی اے ، کمشنر تعیناتی کیس 20فروری کو مقرر
دونوں عہدوں پر ایک افسر تعیناتی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد پہلے مرکزی کیس مقرر، مکمل سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا:جسٹس خادم سومرو
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیف کمشنر اسلام آباد کے عہدوں پر ایک افسر کی تعیناتی چیلنج کرنے کا مرکزی کیس 20فروری کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے متفرق درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل ریاض حنیف نے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے کیس فوری سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ۔ عدالت سے دو عہدوں پر ایک افسر کے تقرر کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا کی گئی تاہم جسٹس خادم حسین نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پہلے مرکزی کیس مقرر کیا جائے گا اور مکمل سماعت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔