سی ڈی اے کی غفلت پرالاٹیوں کو جرمانہ نہیں ہونا چاہئے ، قائمہ کمیٹی

 سی ڈی اے کی غفلت پرالاٹیوں کو جرمانہ نہیں ہونا چاہئے ، قائمہ کمیٹی

قائمہ کمیٹی کی تمام سرکاری اداروں کو کم سے کم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنانیکی ہدایت موٹر ویز پر اشیاکی زائد قیمتوں کے حوالے سے وزیر مواصلات کی یقین دہانی نمٹا دی گئی

  اسلام آباد(نامہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں نے سی ڈی اے کی رہائشی ہاؤسنگ سکیموں میں ترقیاتی کام مکمل کیے بغیر الاٹیوں پر ترقیاتی چارجز کی وصولی کا جائزہ لینے کے لیے بنائی گئی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کو منظور کرتے ہوئے سی ڈی اے سے کہا ہے کہ وہ اعلیٰ سطح انکوائری کرائے تاکہ قانونی عمل میں ہونے والی خامیوں اور تاخیر کا پتا لگایا جا سکے ۔ کمیٹی نے کہا کہ الاٹیوں کو سی ڈی اے کی غفلت پر جرمانہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن نزہت صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ذیلی کمیٹی کے کنوینر نے آگاہ کیا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے پیشگی اطلاع کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ذیلی کمیٹی نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ سی ڈی اے کے زیادہ تر سیکٹر کئی دہائیوں سے جاری قانونی چارہ جوئی کا شکار ہیں۔

کمیٹی نے بنی گالہ، اسلام آباد میں سیوریج پائپ لائنوں کو چلانے میں تاخیر پر آئی سی ٹی انتظامیہ کی جانب سے تسلی بخش کارروائی پر یقین دہانی نمٹا دی۔ کمیٹی نے این ایچ اے کی جانب سے دکانداروں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے دستاویزی ثبوت پیش کرنے پر موٹر ویز پر دکانداروں کی جانب سے اشیائے خوردونوش پر زائد قیمتیں وصول کرنے کے حوالے سے وزیر مواصلات کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کو بھی نمٹا دیا۔ کمیٹی نے اوپن یونیورسٹی کے طلبا کو لیپ ٹاپ کی عدم فراہمی کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت سابق قبائلی علاقوں کے طلبا کو لیپ ٹاپ دینے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ قائمہ کمیٹی نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ملازمین کو کم سے کم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں