شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کرینگے ،آئی جی
جرائم کی روک تھام، پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون، غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا جائے
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور سنگین جرائم کی روک تھام، پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون، غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی اور منشیات کے استعمال و فروخت کے سدباب کے لئے جاری اقدامات پر بریفنگ لی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت چوکس، متحرک اور پرعزم ہے ، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر انہوں نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور موثر کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ انہوں نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور فوری رہنمائی فراہم کرنے ، تھانوں کے ماحول کو بہتر بنانے اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیا۔