پاکستان اور یونیسکو کے مابین ثقافتی شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
یونیسکو کے ڈی جنرل کی وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی سے ملاقات ،مشترکہ کوششوں کا عزم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ،اے پی پی ) پاکستان اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو)نے ثقافتی ورثے کے تحفظ، ثقافت کے فروغ اور تکنیکی استعداد کار میں اضافے کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ یہ اتفاق یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد العنانی اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان کی ثقافتی پالیسیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے اور ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ڈاکٹر خالد العنانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے یونیسکو کے مشن کے ساتھ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور یونیسکو نے ثقافتی ورثے کے تحفظ، غیر محسوس ثقافتی ورثے کے فروغ، تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانے اور ثقافتی سیاحت و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔