جامعہ پنجاب مالی بحران کاشکار،خسارہ دو ارب تک پہنچ گیا
آمدن بڑھانے کیلئے یونیورسٹی کو کمرشل منصوبوں کی اجازت نہ مل سکی
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب یونیورسٹی شدید مالی بحران کی لپیٹ میں آ گئی،خسارہ دو ارب روپے تک پہنچ گیا،یونیورسٹی کو آمدن بڑھانے کیلئے کمرشل منصوبوں کی اجازت نہ مل سکی۔ خسارے پر انتظامیہ کو اخراجات پورے کرنے میں سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق جامعہ پنجاب نے ڈیڑھ سال قبل مختلف کمرشل منصوبے منظوری کیلئے بھجوائے تھے تاہم ابتک کسی منصوبے کی اجازت نہیں دی گئی۔شوکت علی روڈ پر یونیورسٹی کی اراضی پر پٹرول پمپ بنانے جبکہ برکت مارکیٹ کے قریب اراضی پر کمرشل مارکی بنانے کا منصوبہ منظوری کیلئے ارسال کیا گیامگر دونوں منصوبے التوا کا شکار ہیں۔خسارہ پورا کرنے کیلئے جامعہ ہر سال طلبہ کی فیسیں برھارہی ہے جسکا بوجھ طلبہ اور انکے والدین پر پڑ رہا ہے ۔ جامعہ ترجمان کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن پہلے ہی جامعات کو زمینیں کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کرچکا ہے ۔ اگر ہمیں اجازت مل جائے تو نا صرف خسارہ کم ہوگا بلکہ طلبہ کو فیسوں میں بھی ریلیف مل سکے گا۔