انسداد پولیو مہم کا آغا ز،ساڑھے 4کروڑ بچوں کو قطرے پلائے جائینگے
پولیو کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ،فرنٹ ورکرز کی قربانی رنگ لائے گی ،عائشہ رضا
اسلام آباد،راولپنڈی (نیوز رپورٹر)وزارت قومی صحت نے سال 2026 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا ہے ، افتتاحی تقریب راول ٹاؤن میں واقع بنیادی صحت کے مرکز میں ہوئی، نیشنل ای او سی کے افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق اور کینیڈین ہائی کمشنر اسد علی تھے ، افتتاحی تقریب میں ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے کنٹری ریپریزنٹیٹوز بھی شریک ہوئے ، مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ، عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، پولیو کے خاتمے کے مرحلے پر یہ مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی قربانی اور محنت سے پولیو کے خاتمے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
ادھر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال مری میں قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اظہر ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 کامران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر میاں اویس بھی موجود تھے ۔ راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنرحسن وقار نے اپنے دفتر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر سی ای او ہیلتھ، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔