چوہدری رحمت علی بارے حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے، سردار یوسف
کوشش کے باوجود جسدِ خاکی پاکستان نہیں لا سکے،ڈسٹرکٹ بار میں یادگاری تقریب
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام تحریکِ پاکستان کے رہنما چوہدری رحمت علی کی یاد میں تقریب ہوئی ،وکلاء، بار عہدیداران اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نعیم علی گجر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار نے رواں سال جدوجہدِ پاکستان کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی پروگرامز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وفاقی وزیر سردار یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری رحمت علی پر گفتگو کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور ان کا شمار بانیانِ پاکستان میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری رحمت علی کے جسدِ خاکی کو لندن سے پاکستان لانے کے لیے مطالبات تو کیے گئے اور کمیٹیاں بھی بنیں تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی عملی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ قوم کے سامنے چوہدری رحمت علی کے حوالے سے تمام حقائق آنے چاہئیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی سرکاری حج سکیم موجود نہیں اور جو افراد کسی ادارے کے ذریعے حج پر جاتے ہیں، وہ اخراجات خود برداشت کرتے ہیں۔