وزیر مواصلات سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ،سرمایہ کاری میں دلچسپی
پاکستان مختلف شعبوں میں پیداوار بڑھانے کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہا ،علیم خان
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبد العلیم خان سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کنیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈین حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی خواہاں ہے اور کینیڈین کمپنیاں پاکستان میں بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں پیداوار بڑھانے کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے ۔ ملاقات میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ 80 فیصد گاڑیاں ایم ٹیگ (M-Tag) کی حامل ہو چکی ہیں اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مزید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ کینیڈین ہائی کمشنر کو این ایچ اے (NHA) کے ریونیو میں نمایاں اضافے سے بھی آگاہ کیا گیا۔