تلہ گنگ،پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ ، کار سوار نوجوان جاں بحق

تلہ گنگ،پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ ، کار سوار نوجوان جاں بحق

مقتول عبداللہ والدہ کی دوا ئی لینے نکلا تھا ، والد کی مدعیت میں مقدمہ درجڈی پی او چکوال کا ورثا سے اظہار تعزیت ،ملزم کیخلاف کارروا ئی کی یقین دہانی

تلہ گنگ (نمائندہ دنیا) تھانہ سٹی تلہ گنگ کے علاقہ مندیال چوک کے قریب گزشتہ رات پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے کار میں سوار ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ مقتول محمد عبداللہ گزشتہ شب والدہ کی دوائی لینے کے لیے گھر سے کار پر نکلا تھا، جب وہ مندیال چوک کے قریب پولیس ناکہ عبور کر کے کیش اینڈ کیری کے پاس پہنچا تو پیچھے سے آنے والی ایک آلٹو کار میں سوار پولیس اہلکار نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے کار بے قابو ہو کر سڑک کے درمیان موجود ڈیوائیڈر سے جا ٹکرا ئی اور نوجوان جاںبحق ہو گیا ۔ والد نے درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار محمد ثاقب تھا جو اس وقت ایس ایم جی رائفل سے مسلح تھا اور اس نے بیٹے کو قتل کیاہے ۔ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کاشف ذوالفقار مقتول عبداللہ کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پولیس اہلکار کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس چلایا جائیگا۔ پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی ملک شہریار اعوان کے مطابق انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو آگاہ کر دیا جس پر وزیر اعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں