پنجاب آرٹس کونسل میں فیملی ڈرامہ ’’دختر کشمیر‘‘ پیش
قوم کی جذباتی حمایت کشمیری عوام کیلئے حوصلے کا باعث،مشال ملک
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے زیرِ اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں فیملی سٹیج ڈرامہ ’’دخترِ کشمیر‘‘ پیش کیا گیا۔ ڈرامے میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے جذباتی اور انسانی پہلوؤں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا جبکہ اقوامِ متحدہ کی مسلسل خاموشی کو بھی موضوع بنایا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی مشال ملک (حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ) تھیں۔ انہوں نے ڈرامے کے تصور، پیغام اور پیشکش کو بے حد سراہا اور فنکاروں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مشال ملک نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کی جذباتی حمایت کشمیری عوام کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔