مظفر آباد میں اوورسیز کشمیریز کنونشن 15تا 17فروری ہوگا
وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیرصدارت اجلاس، اعلیٰ حکام کی شرکت، تجاویز پیشاوورسیز کنونشن کے انعقاد کیلئے انتظامات جلد مکمل کیے جا ئیں،فیصل ممتاز کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) حکومت آزادکشمیر کے زیراہتمام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے تعاون سے اوورسیز کشمیریز کنونشن 15سے 17فروری تک مظفرآباد میں منعقد ہو گا جس میں 300اوورسیز کشمیریوں کی شرکت متوقع ہے جبکہ پاکستان بھر سے چیمبر کے نمائندے، سرمایہ کار اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شرکت کرینگے۔ ا س حوالے سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور مظفرآباد میں منعقد ہونے والے اوورسیز کنونشن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو اب تک کی گئی تیاریوں پر بریفنگ دی جبکہ اجلاس کے شرکا نے کنونشن کو مؤثر اور بامقصد بنانے کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز کشمیری آزاد جموں و کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ریاست کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کنونشن کا مقصد بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو ریاستی ترقیاتی عمل میں شامل کرنا، ان کے مسائل سننا اور انہیں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے ، انہوں نے ہدایت کی کہ کنونشن کے تمام انتظامات بروقت، مربوط اور اعلیٰ معیار کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں۔