محفوظ، مضبوط اور مستحکم پاکستان کی تعمیر مشترکہ مقصد ، سیدال خان
سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ،تقریب سے خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات کے تناظر میں سکیورٹی اب کسی ایک ادارے یا شعبے کی ذمہ داری نہیں رہی بلکہ یہ ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ پاکستان نے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کیا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سکیورٹی اور فائر فائٹنگ آلات کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16ویں بین الاقوامی فائر، سیفٹی، سکیورٹی و پاور، انرجی نمائش سیف سکیور پاکستان اور 19ویں بین الاقوامی توانائی صنعت نمائش پوگی پاکستان 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بطور مہمانِ خصوصی نمائشوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سکیور پاکستان جیسی نمائشیں نہ صرف سکیورٹی کے شعبے میں بہتری کا ذریعہ بن سکتی ہیں بلکہ ان کے ذریعے ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کو بھی مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ ہمارا مشترکہ مقصد ایک محفوظ، مضبوط اور مستحکم پاکستان کی تعمیر ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نمائش میں لگائے گئے مختلف کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔