فرانسیسی حکومت کی جانب سے عائشہ فاروق کو ایوارڈ
بچوں کے حقوق اور پولیو کے خاتمہ کیلئے کوششوں پر خراج تحسین ،فرانسیسی سفیر
اسلام آباد (الماس حیدر نقوی) فرانسیسی حکومت کی جانب سے سینیٹرعائشہ رضا فاروق چیئرپرسن قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال اور پولیو کے خاتمے کے لیے قومی رابطہ کارکو فرانسیسی قومی اعزاز برائے میرِٹ (نائٹ کے درجے ) سے نوازا گیاہے ۔ ایوارڈ کا اعلان پاکستان میں فرانسیسی سفیرنکولس گیلے نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ،تقریب میں سفارتی شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، عائشہ رضا فاروق کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے ۔فرانسیسی سفیر نے کہا کہ انہیں عائشہ رضا فاروق کا استقبال کرتے ہوئے اور انسانی حقوق کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کا جشن مناتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے ،گزشتہ چند برسوں میں فرانسیسی سفارت خانہ سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو اپنے قابلِ اعتماد اور قریبی شراکت داروں میں شمار کرتا ہے ، جو ہمیشہ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پرعزم رہیں۔ خاص طور پر بچوں کے حقوق کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کے حقوق انسانی حقوق کا لازمی حصہ ہیں اور بچوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے معاشرے کی اجتماعی آواز درکار ہوتی ہے ۔ فرانسیسی سفارت خانہ بچوں کے حقوق سے متعلق متعدد منصوبوں میں تعاون کر رہا ہے ، سفیر نے 2025 میں اسلام آباد اور بلوچستان میں کم عمری کی شادی پر پابندی کے قوانین کی منظوری کو سراہا، اختتام پر فرانسیسی سفیر نے بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے پاکستان اور فرانس کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔