سی ڈی اے، جائیدادوں کی باقاعدہ ڈیجیٹل پراسیسنگ کا آغاز
پہلے مرحلے میں سیکٹرڈی بارہ کی پراپرٹیز کی شامل ہیں،کرپشن ختم ہوگی،چیئرمین
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) سی ڈی اے نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا، جائیدادوں سے متعلقہ معاملات کی باقاعدہ ڈیجیٹل پراسیسنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سہولت کا باقاعدہ افتتاح کیا، پہلے مرحلے میں سی ڈی اے نے سیکٹر ڈی بارہ کی پراپرٹیز کی باقاعدہ ڈیجیٹل پراسیسنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین نئے ڈیجیٹل سسٹم سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ اقدام روایتی فائلنگ سسٹم سے ہٹ کر ایک منظم اور جدید ڈیجیٹل ورک فلو نظام کی طرف سی ڈی اے کی پہلی باضابطہ منتقلی ہے اور اس نئے اور جدید نظام کے تحت سیکٹرڈی بارہ کیلئے آن لائن جمع کرائی جانے والی ہر درخواست کو اب الیکٹرانک طریقہ کار سے پراسیس کیا جائیگا۔ آن لائن درخواستوں کی رئیل ٹائم ٹریکنگ بھی شامل ہے جس کے تحت درخواست گزار کسی بھی وقت اپنی درخواست کی حیثیت، اس کا سٹیٹس اور کارروائی کے مرحلے سے آگاہ ہوسکے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے رندھاوا نے متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سروس ڈیلیوری میں ای گورننس کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ کرپٹ عناصر اور سست روی کے خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔