کنٹونمنٹ بورڈ کا تجاوزات کیخلاف آپریشن،تعمیرات مسمار
تعمیرات میں اضافی کمرے، دیواریں، برآمدے اور دیگر ڈھانچے شامل تھے
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر ڈپٹی سی ای او کی نگرانی میں انفورسمنٹ عملے نے ویسٹریج میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے گلیوں کے اندر گھروں کے آگے قائم تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ تعمیرات میں اضافی کمرے، دیواریں، برآمدے اور دیگر ڈھانچے شامل تھے، جس کے باعث گلیاں تنگ ہو چکی تھیں اور آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آرہی تھیں۔ سروے کے بعد مکینوں کو نوٹسز جاری کیے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنی غیر قانونی تعمیرات خود مسمار کر دیں۔ تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود مقامی رہائشیوں کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا۔ اس دوران پولیس نفری بھی موقع پر موجود رہی۔ کینٹ بورڈ کے حکام کے مطابق یہ کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی اور کینٹ میں قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔