اسلام آباد میں 4، کراچی میں ٹیلی میڈیسن یونٹس قائم
صحت کا مؤثر نظام قومی سلامتی اور مضبوط معیشت کی بنیاد ہوتا ہے،مصطفی ٰ کمال
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ صحت کا مؤثر نظام کسی بھی ملک کیلئے قومی سلامتی اور مضبوط معیشت کی بنیاد ہوتا ہے، اسی لیے حکومت پاکستان میں صحت کے نظام کی بہتری کو اولین ہدف کے طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پرائمری ہیلتھ کیئر فار یونیورسل ہیلتھ کوریج پر عمل درآمد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرائمری ہیلتھ کیئر کو صحت کے نظام میں مرکزی حیثیت حاصل ہے، تاہم پاکستان میں اس شعبے پر ماضی میں خاطر خواہ کام نہیں ہو سکا جس کے باعث بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا غیر معمولی دباؤ ہے۔ مقامی نظام کی کمزوری کے باعث مریض بڑے ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ کراچی میں 6اور اسلام آباد میں 4ٹیلی میڈیسن یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں، مصطفی کمال نے زچگی کے دوران اموات کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11ہزار مائیں دوران زچگی انتقال کر جاتی ہیں۔