فوج کیخلاف اٹھنے والی ہر انگلی توڑ دینا ہوگی:حنیف عباسی

فوج کیخلاف اٹھنے والی ہر انگلی توڑ دینا ہوگی:حنیف عباسی

محمود اچکزئی نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی، فوج کا مذاق بنانا قابل قبول نہیں پوری قوم اپنی فوج کیساتھ کھڑی ہے :راولپنڈی میں تقریب سے خطاب

راولپنڈی (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر انگلی توڑ دینا ہوگی، ہماری فوج پورے پاکستان کی محافظ ہے ۔ محمود خان اچکزئی نے فوج کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی۔ بطور سیاستدان وہ ان کی عزت کرتے تھے لیکن فوج کا مذاق بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ راولپنڈی کی مقامی انجمن تاجران کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ہماری افواج نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 10 مئی کی جنگ جیتنے کے بعد ملک کو سب سے زیادہ عزت ملی۔ آج جب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بیرون ملک جاتے ہیں تو دنیا پاکستان سے روابط بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کرتی ہے ۔انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی، ان کے بچوں پر مقدمات درج ہوئے اور ملازمتوں سے نکالا گیا لیکن انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا،ہم نے سختیاں برداشت کیں مگر کبھی شکوہ نہیں کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں