پاکستان خطے میں تجارت کا قدرتی گیٹ وے :وزیر مواصلات
سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل، او آئی سی ممالک کیلئے سرمایہ کاری مواقع فراہم ای ویزا سہولیات 126ممالک کو فراہم:عبدالعلیم خان، او آئی سی کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان علاقائی اور بین العلاقائی تجارت کیلئے قدرتی گیٹ وے قرار دیا اور کہا سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا جو او آئی سی ممالک کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا، تجارت اور سیاحت کیلئے ای ویزا سہولیات کو 126ممالک تک توسیع دی گئی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول میں دوسری او آئی سی ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کو علاقائی اور بین علاقائی تجارت کیلئے ایک قدرتی گیٹ وے کے طور پر پیش کیا، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کا بنیادی ڈھانچہ جدید بنانے میں سرمایہ کاری کی تفصیلات بتائیں جس میں تیز رفتار موٹر ویز، ریلوے اور بندرگاہیں شامل ہیں۔ اس نیٹ ورک کے قلب میں واقع گوادر پورٹ وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے مختصر ترین بحری راستہ فراہم کرتی ہے ۔ انہوں پاکستان کی تیز رفتار ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو اجاگر کیا اور بتایا کہ ملک ای-پورٹ انٹیگریشن اور پیپر لیس ٹرانزٹ سسٹم نافذ کر رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے سرحد پار لاجسٹکس کو ہموار کرنے اور مشترکہ سرمایہ کاری متحرک کرنے کیلئے او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔