حکومت نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کے بجائے بجلی چوری روکے،تاجر
سی این جی پر اربوں کی سرمایہ کاری بھی جھوٹ ثابت ہوئی،سولر پر بھی یہی کیا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن خالد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کے خاتمے کا اعلان قابل مذمت ہے۔ حکومت نے اس سے قبل کلین انوائرمنٹ کی خاطر سی این جی سٹیشن قائم کئے جس کیلئے عوام نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جو جھوٹ ثابت ہوئی۔ اب دوبارہ حکومت نے سولر انرجی کیلئے عوام سے غلط بیانی کر کے کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کرائی جو کہ سراسر دھوکہ دہی ہے۔ سولر سسٹم لگا کر عوام نے بجلی کی تقریباً چھ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں فالتو ہے اس کے باوجود آئی پی پیز کو بغیر بجلی پیدا کئے اربوں روپے کپیسٹی پے منٹ کی جارہی ہے۔ سب سے زیادہ قیمت تاجر ادا کرتے ہیں، سالانہ تین سو ارب روپے کی بجلی مفت سپلائی، اربوں روپے کی چوری ہوتی ہے، حکومت وقت بجلی کی چوری روکنے میں ناکام رہی ہے۔