مری، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رمضان سہولت بازار قائم
ضلعی انتظامیہ ومخیر حضرات کی جانب سے رمضان نگہبان دسترخوان بھی سج گئے
راولپنڈی (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو سستے نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے حوالے سے مری میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان سہولت بازار قائم کیا گیا ہے، بازار لاری اڈا مری کے قریب قائم کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر مری ارشد اقبال کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مخیر حضرات کے تعاون سے رمضان نگہبان دسترخوان بھی لگائے ہیں، تحصیل مری میں 3مقامات جبکہ تحصیل کوٹلی ستیاں میں 2مقامات پر رمضان نگہبان دسترخوان لگائے گئے ہیں۔ دوسری جانب رمضان المبارک کے سلسلے میں ضلع بھر میں بیوٹیفیکشن کے کام کو مکمل کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے رمضان سہولت بازار قائم کیا گیا ہے، کسی کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔