وفاقی وزیر کا نوری ہسپتال کا دورہ ،سہولیات کا جائزہ لیا
2008سے بیت المال نے ہسپتال کیلئے 3ارب 44کروڑ مختص کیے ،عمران شاہ
اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ عمران احمد شاہ نے نوری ہسپتال کا دورہ کیا، پاکستان بیت المال کے تعاون سے مستحق کینسر مریضوں کیلئے جاری فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے اے ای سی ایچ نوری اور پی اے ای سی کے دیگر ہسپتالوں کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بیت المال اور دیگر سماجی تحفظ کے پروگراموں کا دائرہ آئندہ برسوں میں بجٹ میں اضافے کے ذریعے مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ مستحق مریضوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔ 2008سے اب تک پاکستان بیت المال نے اے ای سی ایچ نوری کیلئے تقریباً تین ارب 44کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جن سے تقریباً 29ہزار مریضوں کا علاج ممکن بنایا گیا۔ رواں مالی سال میں اب تک نوری کے 1008مریضوں کیلئے بیت المال کی جانب سے 22کروڑ 68لاکھ کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے ۔