پاکستان میں اقلیتوں کو ہر آزادی حاصل ،کھیل داس کوہستانی
وزیر مملکت سے نیدرلینڈز کے سفیر کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ، کھیل داس کوہستانی سے پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سگرٹ نے ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں خطے میں امن، بھائی چارے ، مکالمے کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ اقدامات کے عزم پر زور دیا گیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ قائد اعظم کی 11 اگست 1947 والی تقریر میں اقلیتوں کے برابری کے حقوق واضح ہیں اور آئین پاکستان یہاں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو بھرپور تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ وزارتِ مذہبی امور نے اقلیتوں کے لیے فلاح و بہبود فنڈ کے تحت غیر مسلم بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں اور مذہبی عبادتگاہوں کی مرمت اور تزئین و آرائش میں بھی خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔ نیدرلینڈز کے سفیر نے کہا کہ پاکستان متنوع مذاہب، ثقافت اور زبانوں کے حامل بے مثال لوگوں کا وطن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نیدرلینڈز میں بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت موجود نہیں، اور وہ پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔