راولپنڈی، 2روز میں دکانداروں کو 8لاکھ تک جرمانے
پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 20دکانیں سیل، 16دکاندار جیل روانہ شہر بھر میں 3988مقامات پر انسپکشن، 104خلاف ورزیوں کی نشاندہی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دو روز کے دوران ضلع بھر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کریک ڈاؤن کیا گیا۔ 3988مقامات پر انسپکشن کی گئی، جن میں 104خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر 796,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 20دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 16دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائے تاکہ صارفین کو قیمتوں کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔