57افغان باشندوں سمیت 317مشکوک افراد تھانے بند
کارروائیاں رواں ہفتہ میں کی گئیں، 3,529افراد، 1,449گھرانوں،گاڑیوں کی چیکنگ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد پولیس کے جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں رواں ہفتے اسلام آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں 32سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز کئے جن میں لیڈیز پولیس نے بھی بھر پور حصہ لیا۔ 3,529افراد، 1,449گھرانوں اور 517دکانوں کو چیک کیا گیا۔ اسی دوران 1,046موٹرسائیکلوں اور 344گاڑیوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ جانچ پڑتال کیلئے 57افغانیوں، 317مشکوک افراد، 9گاڑیوں اور 77موٹرسائیکلوں کو مختلف تھانہ جات شفٹ کیا گیا۔ سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب پانچ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 39افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔