موٹرسائیکلز پر ایم ٹیگ، آخری تاریخ میں 5مارچ تک توسیع
مختلف سینٹرز پر 24گھنٹے، 12گھنٹے اور 8گھنٹے کے اوقات کار جاری،ڈی جی ایکسائز
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کردی گئی ہے ۔ ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے شہریوں کو ریلیف دیتے ہوئے مہلت میں 5مارچ تک توسیع کر دی ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 5مارچ تک اپنی موٹرسائیکلز پر ہر صورت ایم ٹیگ لگوا لیں، بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایم ٹیگ سینٹرز کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ مختلف سینٹرز پر 24گھنٹے، 12گھنٹے اور 8گھنٹے کے اوقات کار جاری کیے گئے ہیں تاکہ شہری اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت ایم ٹیگ لگوا سکیں۔ ڈی جی ایکسائز نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2ہزار 69موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ کی تنصیب مکمل کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 8ہزار 928موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ لگ چکے ہیں، جبکہ گاڑیوں سمیت مجموعی طور پر 2لاکھ 38ہزار 80گاڑیوں کو ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔