:PMDC مریضوں کے تحفظ، اخلاقیات کیلئے نئی اصلاحات نافذ
تعلیم حاصل کرنا بنیادی حق ، جسمانی معذوری رکاوٹ نہیں بنے گی، ڈاکٹر رضوان تاج
اسلام آباد( دنیا رپور ٹ ) مریضوں کے تحفظ اور پیشہ ورانہ احتساب کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ملک بھر کے تمام رجسٹرڈ میڈیکل اینڈ ڈینٹل پریکٹیشنرز اور تسلیم شدہ اداروں کے لیے جامع نظرِ ثانی شدہ ضابطہ کی باقاعدہ منظوری اور نفاذ کر دیا ہے ۔ صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی قیادت میں دو سالہ جائزے کے بعد نئے قوانین تیارکئے گئے ، مریضوں کا تحفظ اور احتساب کے عنوان سے نئے ضابطہ اخلاق میں مریضوں کی رازداری، وقار اور باخبر رضامندی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے ۔کلینیکل پریکٹس، تحقیق اور تدریس میں احتساب کے عمل کو مزید سخت بنا دیا گیا۔
مریضوں کی حفاظت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت ریگولیٹری کارروائی ہو گی۔صحت کی فراہمی میں ہر قسم کے امتیازی سلوک کا خاتمہ اور مساوی علاج یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے ۔ معذور افراد کی میڈیکل و ڈینٹل تعلیم میں شمولیت کے لیے جامع رہنما اصول جاری کئے گئے ہیں اوران کیلئے 2 سے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر انسان کا بنیادی حق ہے ، جسمانی معذوری رکاوٹ نہیں بنے گی۔داخلے کے لیے فنکشنل کیپسٹی اسیسمنٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔نئے ضابطہ اخلاق کا اطلاق ملک بھر میں فوری طور پر کر دیا گیا ہے ۔