کرایہ داروں ،علاقے میں رہائش پذیر ہر شہری کی رجسٹریشن لازمی قرار
امن و امان بہتر بنانے کیلئے رجسٹریشن کیمپ قائم،گاڑیوں کا ریکارڈ بھی مرتب ہوگا
اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد پولیس نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف سیکٹروں میں خصوصی پولیس رجسٹریشن کیمپ قائم کر دیے ہیں۔ اس اقدام کے تحت کرایہ داروں سمیت علاقے میں رہائش پذیر ہر شہری کی رجسٹریشن لازمی قرار دی جا رہی ہے جبکہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی کی خصوصی ہدایات پر یہ مہم شروع کی گئی ہے ۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او ترنول فیاض احمد رانجھا اور ایس ایچ او تھانہ سنگجانی محمد اسحاق کی خصوصی نگرانی میں ملٹی گارڈن بی-17 مرکز میں باقاعدہ رجسٹریشن کیمپ قائم کر دیا گیا ہے جہاں مقامی رہائشیوں اور کرایہ داروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔