ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کرنا قانونی فریم ورک کے منافی،نادرا نے سرکاری اداروں کوخبردارکردیا
اسلام آباد (دنیا نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نادرا نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کرنے والے اداروں کو خبردار کردیا۔۔۔۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ڈیجیٹل شناختی کارڈ فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی ہے ، بعض سرکاری دفاتر، ادارے ڈیجیٹل کے بجائے فزیکل کارڈ یا فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں، یہ طرزِعمل مروجہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے ۔ نادرا آرڈیننس کے تحت ڈیجیٹل شناختی ضوابط تشکیل دیے گئے ، ریگولیشن 9 اور 10 ڈیجیٹل شناختی اسناد کو قانونی حیثیت دیتے ہیں، یہ ضوابط ڈیجیٹل شناختی اسناد کو شناخت کا درست ثبوت قرار دیتے ہیں۔ نادرا کا کہنا ہے شناختی کارڈ کی غیرضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت کم ہوتی ہے ۔ سرکاری محکمے ، عوامی اور مالیاتی ادارے ، ٹیلی کام آپریٹرز احکامات کی پابندی یقینی بنائیں، شہری اپنی شکایات نادرا کے شکایتی نظام کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔