اسلام آباد،افغان ڈکیت گینگ کا ایک رکن زخمی حالت میں گرفتار

اسلام آباد،افغان ڈکیت گینگ کا ایک رکن زخمی حالت میں گرفتار

ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونیوالا 30بور پستول برآمد،وارداتوں کا انکشاف

اسلام آباد(این این آئی) تھانہ ترنول کے علاقے میں افغان ڈکیت گینگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس مقابلہ ہوا جس میں گینگ کا ایک رکن زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دو مسلح ملزمان ڈکیتی کی نیت سے علاقے میں موجود ہیں جس پر پولیس ٹیم نے ریڈ کیا۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہے ۔فائرنگ کے دوران ملزمان کی اپنی فائرنگ سے افغان ڈکیت گینگ کا رکن حضرت ولی زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30بور پستول بھی برآمد ہوا۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھی کامران افغانی کے ساتھ مل کر متعدد وارداتیں کر چکا ہے ۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم افغانستان کا رہائشی اور پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں