فیصل مسجد میں قیام اللیل کی اختتامی تقریب ،مذہبی شخصیات کی شرکت
قیام اللیل کیلئے تعاون پر وزارت مذہبی امور کے شکر گزار، ڈی جی دعوۃ اکیڈمی
اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) فیصل مسجد میں دعوۃ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور وفاقی وزارتِ مذہبی امور پاکستان کے اشتراک سے قیام اللیل کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف مذہبی، علمی اور سماجی شخصیات کے علاوہ معتکفین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخری رات تراویح کی 20 رکعتوں میں 30 ویں پارے کی تلاوت ڈائریکٹر جنرل دعوۃ اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کی جبکہ رواں سال تراویح کی امامت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے خود کی، ۔اختتامی تقریب سے ڈاکٹر محمد الیاس نے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز اور ڈائریکٹر جنرل حافظ عبدالقدوس کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل وزارتِ مذہبی امور حافظ عبدالقدوس نے کہا 27ویں شبِ رمضان المبارک میں ختمِ قرآن کی محفل کا انعقاد اور دارالحکومت میں اس روحانی اجتماع کا انعقاد ہم سب کے لیے باعثِ سعادت ہے ۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے استحکام، امن و سلامتی اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔