عیدالفطر:جڑواں شہروں میں مؤثر سکیورٹی انتظامات مکمل
اسلام آباد میں چاندرات ،عید کیلئے 7ہزار پولیس افسر ، جوان، رضاکارتعینات سیکرٹری اوقاف پنجاب کی راولپنڈی و دیگر شہروں میں فول پروف سکیورٹی کی ہدایت
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے، خبرنگار، خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں عید الفطر پرمؤثر سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ اسلام آبادمیں چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی کیلئے 7ہزارسے زائدپولیس افسر، جوان اور رضاکار ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ 3 ہزار پولیس افسران و جوان شہر بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات کی سکیورٹی پر تعینات ہوں گے ۔عید کے اجتماعات میں شرکت کے لیے باڈی سرچنگ کے بعد مخصوص راستوں سے داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب کسی قسم کی پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 500 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ پبلک مقامات، پارکس اور قبرستانوں کی سکیورٹی کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات ہوں گے ۔ ادھر موجودہ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی پولیس نے مربوط سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔،شہر بھر میں 1600 سے زائد ہوٹلوں اور 350 سے زائد ٹرانسپورٹ اڈوں کی چیکنگ و سکریننگ کا عمل جاری ہے ،ہوٹلز میں رہائش اختیار کرنے والے افراد کی چیکنگ و پڑتال کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ دریں اثنا سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی ہے کہ جمعۃ الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کی مساجد، درگاہوں اور عیدگاہوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے زونل ایڈمنسٹریٹرز، منیجرز اور فیلڈ افسران کے اہم زوم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بڑے اجتماعات کے پیش نظر تین درجاتی سکیورٹی نظام نافذ کیا جائے ، داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے ۔