قومی یکجہتی ،دانشمندانہ حکمتِ عملی ناگزیر ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
تمام سٹیک ہولڈرز کو متحد ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنے ہونگے ،وفود سے گفتگو
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف سیاسی، مذہبی، تعلیمی اور کاروباری شخصیات نے ملاقاتیں کیں جن میں رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ، عبدالرحمان خان کھیتران، پرویز خٹک چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا ، فردوس نثار ، علامہ طاہر ابوالعصری اور پروفیسر علی اقتدار مرزا شامل تھے ۔ ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال، خطے کی مجموعی صورتِ حال، بلوچستان کی ترقی، نوجوانوں کے کردار اور توانائی کے شعبے خصوصاً سی این جی سیکٹر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، باہمی ہم آہنگی اور دانشمندانہ حکمتِ عملی ناگزیر ہے ۔ چیلنجز اپنی جگہ موجود ہیں تاہم بصیرت، تدبر اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ان پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو متحد ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے ۔ بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو ترقیاتی عمل میں فعال شرکت یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کے مؤثر، شفاف اور منصفانہ استعمال کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔