منصفانہ ، شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ،چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر
رجسٹریشن افسران انتخابی فہرستوں کی تیاری میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنائیں
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر میں مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات میں انتخابی فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنرز، ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز و اپیلنگ اتھارٹیز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ رجسٹریشن افسران سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ صاف، شفاف اور درست انتخابی فہرستیں منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہیں، آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے ۔ رجسٹریشن افسران انتخابی فہرستوں کی تیاری میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام رجسٹریشن افسران کے تعاون سے مہاجرین حلقوں کے لیے جامع اور قابلِ اعتماد ووٹر فہرستیں مرتب کی جائیں گی، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے رجسٹریشن افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین مقیم پاکستان حلقوں میں ووٹر رجسٹریشن کے لیے سٹیٹ سبجیکٹ بنیادی شرط ہے ۔