جنگ بندی خوش آئند،حکومت عوام کو ریلیف دے ،کاشف چودھری
معمولی کمی کر کے کارکردگی کا ڈھول پیٹنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہوگا
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں مثبت کردار ادا کر کے نہ صرف عالمی امن کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کی بلکہ اقوامِ عالم میں اپنا وقار بھی بلند کیا۔ اس اہم سفارتی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے ، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت اس پر بے جا تنقید اور واویلا کر کے اپنی تنگ نظری کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب پاکستان عالمی سطح پر امن کا سفیر بن کر ابھرا ہے تو دوسری جانب پاکستانی عوام اور تاجر برادری کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیاجانے والا اضافہ سراسر ظلم اور ناانصافی تھی اب جنگ بندی کے بعد اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے ۔ نہ صرف یہ اضافہ ختم کیا جائے بلکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو پہلے سے بھی کم کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔ معمولی کمی کر کے اپنی کارکردگی کا ڈھول پیٹنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہوگا۔ مارکیٹس کو جلد بند کرنے کا فیصلہ بھی ناقابلِ قبول ہے ۔ حکومت نے فوری طور پر تاجروں اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو کاروباری طبقہ سخت ردعمل دینے پر مجبور ہوگا۔