پنجاب ٹیچرز ضلع راولپنڈی کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
ریشنلائزیشن پالیسی کے برعکس اساتذہ کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کے ازالے کا مطالبہ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار )پنجاب ٹیچرز ضلع راولپنڈی نے ریشنلائزیشن پالیسی کے برعکس اساتذہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ اس بات کا فیصلہ ضلعی صدر بشارت قادری، چیئرمین راجہ تیمور اختر اور دیگر قائدین نے اجلاس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع راولپنڈی کے مختلف سکولوں میں ریشنلائزیشن پالیسی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اساتذہ کرام کو سرپلس قرار دے کر دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے جبکہ انہی سکولوں میں ہارڈ شپ ٹرانسفر کے تحت من پسند افراد کو تعینات کیا جا رہا ہے جو سراسر ناانصافی اور ظلم ہے ۔قائدین نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے اساتذہ کرام ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ عدالتوں کی واضح ہدایات اور 31مارچ کو متاثرہ اساتذہ کرام کی پرسنل ہئیرنگ کے بعد سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی یقین دہانی کے باوجود تاحال متاثرہ اساتذہ کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ قائدین نے واضح کیا کہ اگر ان جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب ٹیچرز یونین بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب پر عائد ہو گی۔