دریا جہلم بلک واٹر سپلائی منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ مکمل
23ارب کے منصوبے سے مری اور کوٹلی ستیاں کو پانی فراہم کیا جائیگا ،ایم ڈی واسا
مری (نمائندہ دنیا) وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر دریا جہلم بلک واٹر سپلائی منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے ، تقریباً 23 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے اس بڑے منصوبے کے تحت مری اور کوٹلی ستیاں کے ہر گھر تک پائپ لائن کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ مری شہر سمیت اسلام آباد کو بھی اس منصوبے سے کم قیمت پر پانی فراہم کیا جا سکے گا ۔ایم ڈی واسا عظیم شوکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب پانی کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اس اہم منصوبے کو عملی شکل دے رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد مری اور کوٹلی ستیاں کے عوام کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات اور ہوٹل انڈسٹری کی پانی کی ضروریات بھی پوری ہو سکیں گی منصوبے میں ایک ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے جہاں سے پیدا ہونے والی بجلی کے ذریعے پانی کو مری اور کوٹلی ستیاں تک پہنچایا جائے گا مزید برآں یہی پانی مری سے گریویٹی کے ذریعے اسلام آباد تک بھی منتقل کیا جا سکے گا، دریا جہلم سے مری تک پانی کی ترسیل کے لیے 7 پمپنگ سٹیشنز قائم کیے جائیں گے ۔جن کے ذریعے پانی کشمیر پوائنٹ مری تک پہنچایا جائے گا ۔