کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں جامع لائف سکلز پروگرام کا آغاز
500سے زائد ملازمین کی مختلف کورسز میں رجسٹریشن ،نظام ڈیجیٹل کر رہے ،ڈاکٹر راحیل
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے اسلام آباد کیمپس میں جامع لائف سکلز پروگرام کا آغاز کر دیا، پروگرام کا بنیادی مقصد عملے اور طلباء کو متبادل پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کے قابل بنانا نیز ملازمین کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ اور ان کے لیے سماجی و معاشی مواقع کو بہتر بنانا ہے ۔ پروگرام کا مقصد نہ صرف ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے بلکہ عملے اور طلباء کے درمیان آمدن کے متنوع ذرائع پیدا کرنا اور طویل مدتی پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے ۔ افتتاحی تقریب میں سینئر انتظامی حکام اور ابتدائی تربیتی سیشنز کے شرکا ء کی شرکت ، 500سے زائد ملازمین کی مختلف کورسز میں رجسٹریشن ، پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ CUI ایک نئے ڈیجیٹل فیز میں داخل ہو رہی ہے ، جہاں انتظامی اور تدریسی خدمات میں سے بیشتر کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری اس تبدیلی کے پیش نظر یونیورسٹی میں جدید ہنر اور اس سے ہم آہنگ کرداروں کی ضرورت ہے ۔