افواج نے دشمن کو شکست دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ،حنیف عباسی
آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ کی کامیابی نے دنیا کو حیران کر دیا،خطاب
راولپنڈی (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جبکہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ کی تاریخی کامیابی نے دنیا کو حیران کر دیا۔ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف، پاک افواج اور شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء اور مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
اس موقع پر گرین لائن ٹرین کا افتتاح بھی کیا گیا۔ افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر ثابت کیا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ افغانستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے کے بجائے خطے کے امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے ۔