ایچ ای سی کے آن لائن اور پیپر لیس تصدیق کے نظام کا باضابطہ آغاز

 ایچ ای سی کے آن لائن اور پیپر لیس تصدیق کے نظام کا باضابطہ آغاز

درخواست دہندگان تعلیمی اسناد کی تصدیق دفتر آئے یا اصل ڈگریاں جمع کرائے بغیر کر سکیں گے جامعات کے سربراہان کا اجلاس ،اصلاحات، درپیش چیلنجز،مستقبل کی ترجیحات پر غور

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات کے سربراہان کے 55 ویں اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی ترجیحات پر غور کیا ،اجلاس کا مقصد معاشی اور سماجی ترقی میں تعلیمی اداروں کے کردار کو مزید موثر بنانا تھا۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی (چیئرمین وائس چانسلرز کمیٹی)، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر (چیئرمین ایچ ای سی) اور پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق (ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی) نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ 200 سے زائد وائس چانسلرز اور ریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس میں ایچ ای سی کے آن لائن اور پیپر لیس تصدیق کے نظام کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔

اس نظام کے تحت درخواست دہندگان اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق ایچ ای سی آئے بغیر یا اصل ڈگریاں جمع کرائے بغیر کر سکیں گے ۔ایچ ای سی نے ملک میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے والے اساتذہ کے اعتراف میں بیسٹ ریسرچ ایوارڈز 2025 اور نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز ایوارڈز 2025-26 (فیڈرل زون) کا اعلان بھی کیا۔پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے \"معرکہ حق\" کی پہلی سالگرہ پر علمی حلقوں اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی بہادر فوج، سیاسی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان میں معیاری اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدت اور علمی برتری کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں