آئی جی اسلام آباد کے ناکوں کے دورے، افسروں سے ملاقاتیں
شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ،امن و امان کی بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے گزشتہ روز ناکہ زیرو پوائنٹ اور ناکہ G-14کا دورہ کیا۔ فرائضِ منصبی کی ادائیگی پر مامور اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور سروس ڈلیوری کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اہم ہدایات جاری کیں، تمام انتظامات اور چیکنگ کے عمل کی خود نگرانی کی۔ انہوں نے عام شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور فوری حل کیلئے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی اور شہریوں کی جان و مال نیز نجی و سرکاری املاک کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ بعدازاں آئی جی نے ایس ایس پی سکیورٹی آفس کا دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے اہم تنصیبات اور سفارتی علاقوں کی سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔ مزید برآں، آئی جی نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ’’اوپن ڈور پالیسی‘‘ کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔