تجارت، صنعتی سرگرمیوں کا فروغ ترجیح، چیئرمین سینیٹ
پارلیمنٹ کی مختلف کمیٹیوں میں بھی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل کو سنا جاتا ہے
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ سیاسی و عسکری قیادت قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر قیامِ امن کیلئے ذمہ دارانہ اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ وہ اسلام آباد کے سیکٹر ای 11گولڑہ شریف میں کاروباری مرکز کی 33ویں برانچ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف قومی معیشت کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے ذریعے حقیقی معنوں میں ریلیف بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مختلف کمیٹیوں میں بھی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل کو سنجیدگی سے زیرغور لایا جاتا ہے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں اور مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث دنیا کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان ہمیشہ مذاکرات، سفارت کاری اور امن کے فروغ کا حامی رہا ہے اور اسی پالیسی کے تحت عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے کیلئے بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔