راولپنڈی چلڈرن ہسپتال آئندہ سال فعال ہو جائیگا ،وزیرصحت پنجاب
پی کے ایل آئی کے قریب سنٹر آف ایکسی لینس جلد مکمل کیا جا ئیگا ، خواجہ سلمان رفیق
راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال اور پی کے ایل آئی راولپنڈی کا دورہ کیا، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود، طارق محمود رحمانی اور کمشنر راولپنڈی عامر خٹک بھی ان کیسا تھ تھے ۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو چلڈرن ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا چلڈرن ہسپتال اگلے برس مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ پی کے ایل آئی راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر کو ادارے کی کارکردگی، صحت سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے کہا پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے تحت مختلف اضلاع میں تین سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر آف ایکسی لینس بنائے جائیں گے ۔پی کے ایل آئی راولپنڈی کے قریب سنٹر آف ایکسی لینس جلد مکمل کیا جا ئیگا ،گردوں اور جگر کی تکلیف میں مبتلا مریضوں کو پی کے ایل آئی راولپنڈی میں صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔