محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظاما ت کئے جائیں ،آئی جی
شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، تمام ڈی آئی جیز، اے آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ امن و امان کی مجموعی صورتحال، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات، عوامی خدمت کی فراہمی، جرائم کے انسداد اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے محرم الحرام کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مؤثر نگرانی، مربوط سکیورٹی پلان اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ ضلع بھر کے تمام تھانہ جات اور پولیس دفاتر میں شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے ، جبکہ موصول ہونے والی شکایات پر فوری دادرسی اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید منظم، مؤثر اور تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔