وفاقی وزیر چودھری سالک کی آئی ایل او کے ڈی جی سے ملاقات
مزدوروں کے حقوق، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور روزگار بارے تبادلہ خیال
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چودھری سالک حسین نے جنیوا میں انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کے 114ویں اجلاس کے موقع پر عالمی ادارہ محنت (ILO)کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان کے آجر اور مزدور نمائندگان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات میں مزدوروں کے حقوق، بہتر روزگار، سماجی تحفظ، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مزدور طبقے کی فلاح، محفوظ اور باعزت روزگار اور نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت عالمی سطح پر بہتر مواقع حاصل کر سکے۔ انہوں نے عالمی لیبر معاہدوں پر عملدرآمد اور مزدوروں کے تحفظ کیلئے پاکستان کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے مزدوروں کی فلاح اور سماجی انصاف کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔