اسلام اختلاف کے بجائے اجتماعی بھلائی کا درس دیتا ، یوسف رضا گیلانی
معاشی مشکلات، سماجی ناہمواری، بے روزگاری ،چیلنجز کا پائیدار حل سیرتِ نبویؐ میں ہے
راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار )چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے عیدگاہ شریف راولپنڈی میں منعقدہ سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت کی اور مریدین، علماء کرام، مشائخ عظام اور معزز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ نبویؐ اور اولیائے کرام کی تعلیمات کو عصر حاضر کے قومی و عالمی چیلنجز کے حل کیلئے رہنمائی کا جامع سرچشمہ قرار دیا۔ عیدگاہ شریف سلسلہ عالیہ صدقیہ نقشبندیہ کی ایک عظیم روحانی درسگاہ ہے جہاں سے گزشتہ تقریباً ڈیڑھ صدی سے اسلام، محبت، رواداری اور انسان دوستی کا پیغام عام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ برطانیہ، امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں اس سلسلے سے لاکھوں افراد وابستہ ہیں جبکہ موجودہ سجادہ نشین کی عالمی سطح پر تبلیغی خدمات کے نتیجے میں بے شمار افراد دائرہ اسلام میں داخل ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اولیائے کرام نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ رسول اکرمؐ کی تعلیمات تمام انسانیت کے لیے امن، عدل، محبت اور اجتماعی فلاح کا دائمی پیغام ہیں۔ اسلام اختلاف کے بجائے مکالمے ، طاقت کے بجائے انصاف اور ذاتی مفاد کے بجائے اجتماعی بھلائی کا درس دیتا ہے ۔ ریاستِ مدینہ کے تصور کو ایک تاریخی اور عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی تاریخ کا ایسا مثالی نظام تھا جس نے عدل، مساوات، مذہبی آزادی، اقلیتوں کے حقوق، معاہدات کی پاسداری اور اجتماعی ذمہ داری کو بنیادی حیثیت دی۔ پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات، سماجی ناہمواری، بے روزگاری اور دیگر چیلنجز کا پائیدار حل سیرتِ نبویؐ میں موجود دیانت داری، امانت، محنت، انصاف اور خدمتِ خلق جیسے اصولوں میں پوشیدہ ہے ۔